ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : اتی کرم دار خاندان پر فاریسٹ عملہ کا ظلم ۔ رویندرا نائک نے دی احتجاجی مظاہرے کی دھمکی 

بھٹکل : اتی کرم دار خاندان پر فاریسٹ عملہ کا ظلم ۔ رویندرا نائک نے دی احتجاجی مظاہرے کی دھمکی 

Fri, 01 Oct 2021 17:11:48    S.O. News Service

بھٹکل یکم/ اکتوبر (ایس او نیوز)  ہیبلے گرام پنچایت کے گاندھی نگر(جامعہ آباد) برسہا برس سے اتی کرم زمین پر بسنے والے شنیار نائک خاندان کے ساتھ محکمہ جنگلات کے عملہ نے جو ظلم و زیادتی کی ہے اس کی مذمت کرتے ہوئے اتی کرم داروں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والی کمیٹی کے صدر رویندرا نائک نے مانگ کی ہے کہ 48 گھنٹوں کے اندر متاثرہ خاندان کو انصاف دلایا جائے ورنہ سخت احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
    
ہوراٹا سمیتی کے صدر رویندرا نائک نے بھٹکل پہنچ کر متاثرہ خاندان کے ساتھ ملاقات کی اور واقعہ کی تفصیلات جاننے کے بعد متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی اور پشت پناہی کا یقین دلایا ۔ رپورٹ کے مطابق شنیار ایک زمانے سے جس اتی کرم زمین پر بس رہے ہیں وہاں پر واقع ان کے مکان کی مرمت کے دوران فاریسٹ عملہ نے اچانک دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی اور مرمت کا کام رکوایا ۔


    
اس پس منظر میں بولتے ہوئے رویندرا نائک نے کہا کہ دُرگما شنیار نائک جیسی عمر رسیدہ خاتون کے ساتھ فاریسٹ عملہ نے جو ناانصافی اور غیر قانونی کارروائی کی ہے اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور انہیں انصاف دلانے کی پوری جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں محکمہ جنگلات کے افسران اور عملہ کی طرف سے اتی کرم داروں پر ظلم و ستم کے واقعات بھٹکل ہی میں سب سے زیادہ ہورہے ہیں ۔ دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اتی کرم داروں کے ساتھ محکمہ جنگلات کے عملہ کا رویہ انتہائی غیر منصفانہ اور غیر انسانی ہوتا ہے ۔
    
رویندرا نائک نے متاثرہ خاندان کے گھر کے پاس سے ہی ٹیلی فون کے ذریعہ ہوناور ژون کے ڈی ایف او گنپتی سے بات کی اور آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر سخت احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا۔
    
رویندرا نائک کی موجودگی میں جائے وقوع  پر مقامی افراد بھی جمع ہوگئے تھے جنہوں نے فاریسٹ عملہ کی زیادتیوں کے خلاف انتہائی ناراضی کا اظہار کیا ۔
    
اس موقع پر ہوراٹا سمیتی کے ضلع کنوینر دیوراج گوڈ ، عبدالقیوم کولا، پانڈورنگا نائک بیلکے، رضوان صدیقہ، آفتاب دامودی وغیرہ موجود تھے ۔


Share: